مخدوم سلطان الحق اجمیریؒ کےروحانی وظائف
مخدوم سلطان الحق اجمیریؒ کےروحانی وظائف | |
اگر کوئی عورت بانجھ ہو اور اولاد سے محروم ہو تو اسے چاہیے کہ سات روزے مسلسل رکھے درمیان میں ناغہ نہ کرے اور روزانہ روزہ کھولنے سے قبل باوضو یَامُصَوِّرُ اکیس مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرکے رکھ لے اور اسی پانی سے روزہ افطار کرے۔
بچہ کا بار بار گھر سے باہر نکل جانا
بعض بچے باہر گھومنے اور باہر جانے اور کھیلنے کے اس قدر عادی ہوجاتے ہیں کہ انہیں نہ بھوک پیاس کا احساس ہوتا ہے اور نہ ہی گھر جانے کا خیال آتا ہے۔ گھر والے اس کا انتظار کرکرکے پریشان ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورت میں رات کو جب بچہ سوجائے تو سَلٰمٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِیْمٍ 300 بار پڑھ کر اس بچے پر دم کردیا کریں۔ گیارہ دن لگاتار یہ عمل کریں۔ انشاء اللہ تعالیٰ بچہ گھر میں رہنے لگے گا۔
نوکری کی تلاش
جو شخص روزگار کے سلسلے میں پریشان ہو اور چاہتا ہو کہ جلد نوکری لگ جائے یا نوکری سے برخاست کردیا گیا ہو اور چاہتا ہو کہ جلد ملازمت بحال ہوجائے تو اسے چاہیے کہ اول تین روزے رکھے اور روزے کی حالت میں سات بار یہ درود شریف پڑھے۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰٓ اٰلِ مُحَمَّدٍ وَّبَارِکْ وَسَلِّمْ۔
اس کے بعد نماز فجر میں روزانہ تین دن تک دس ہزار مرتبہ روزانہ یَارَزَّاقُ پڑھے اس کے بعد یہ درود شریف سات بار پڑھے: اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰٓ اٰلِ مُحَمَّدٍ وَّبَارِکْ وَسَلِّمْ۔ پڑھ کر دعا کرے۔ انشاء اللہ تعالیٰ بہت جلد ملازمت مل جائے گی یا ملازمت سے برخاست ہوا ہے تو ملازمت بحال ہوجائے گی۔
گھر میں خیروبرکت کے اثرات ظاہرہونا
جو شخص یہ چاہے کہ اس کے گھر میں خیروبرکت پیدا ہو اور گزارہ بآسانی ہو کسی کی محتاجگی باقی نہ رہے۔ اسے چاہیے کہ وہ باوضو بعد نماز فجر سات بار یہ اسماء مبارکہ پڑھے۔ اول و آخر ایک بار درود شریف پڑھ کر گھر میں خیروبرکت کی دعا کرلیا کریں۔ وہ اسماء یہ ہیں:۔
یَااَللہُ۔ یَاسَمِیْعُ۔ یَاعَلِیْمُ۔ یَاسَرِیْعَ الْحِسَابْ۔ یَاوَاسِعُ۔ یَاعَدْلُ۔ یَاعَظِیْمُ۔ یَامُتَعَالِ۔ یَاعَزِیْزُ۔ یَاغَفُوْرُ۔ یَابَاعِثُ۔ یَافَعَّالاً لِّمَایُرِیْدُ۔ یَارَافِعُ۔ یَامُعِیْدُ۔ یَامَانِعُ۔ یَانَافِعُ۔ یَاجَامِعُ۔ یَابَدِیْعُ۔
مرض معلوم کرنے کا عمل
مریض کے پاؤں کے ناخن سے لے کر سر تک ایک نیلے رنگ کا ڈورا (موٹا دھاگہ) ناپ لیں۔ پھر سات مرتبہ اس پر سورۂ مزمل پ 29 پڑھیں۔ اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھیں۔ پھر دوبارہ اس ڈورے کو ناپیں۔ اگر چھوٹاہوجائے تو سحر ہے اور اگر بڑھ جائے توجن وغیرہ کا اثر ہے۔ جوں کا توں (برابر) رہے توجسمانی بیماری ہے۔
بانجھ عورت کے لیے
اگر کوئی عورت بانجھ ہو اور اولاد سے محروم ہو تو اسے چاہیے کہ سات روزے مسلسل رکھے درمیان میں ناغہ نہ کرے اور روزانہ روزہ کھولنے سے قبل باوضو یَامُصَوِّرُ اکیس مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرکے رکھ لے اور اسی پانی سے روزہ افطار کرے۔ اس دوران میاں سے قربت کرتی رہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ عورت حاملہ ہوگی اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے نیک لڑکا پیدا ہوگا۔
سخت سے سخت مشکل آسان
اگر کوئی شخص کسی مشکل میں پھنس گیا ہو اور چاہتا ہو کہ اس مشکل سے آسانی سے نجات مل جائے تو اسے چاہیے کہ روزانہ سات دن تک ایک وقت مقرر کرکے اول گیارہ بار درود شریف پڑھے پھر پانچ ہزار باریَامُصَوِّرُ پڑھے۔ اس کے بعد گیارہ بار درود شریف پڑھ کر مشکل کے آسان ہونے کی دُعا کرے۔ انشاء اللہ تعالیٰ ہر قسم کی مشکل آسان ہوگی یہ عمل قرض سے نجات حاصل کرنے‘مقدمہ میں کامیابی کیلئے اور مفرور یا غائب کی واپسی کیلئے کیا جائے تو بھی کامیابی ہوگی۔
زبردست آسیب کا آسان علاج
جس گھر میں آسیبی اثر ہو یا کسی لڑکے یا لڑکی پر جن بھوت پریت آسیب کا اثر ہو اس گھر میں ایک وقت مقررہ پر باوضو سورۂ بقرہ پڑھی جائے اور ایک کورے اور نئے مٹکے میں پانی بھر کر اس پر دم کیا جائے سب گھر کے افراد اس پانی کو چار وقت پئیں اور مریض کو ہر وقت جب بھی پیاس لگے وہ پانی پلائیں اور چار وقت مکان کے ہر ہر کونے میں وہ پانی چھڑکیں صرف غسل خانہ اور بیت الخلاء میں نہ چھڑکیں۔ اسٹور‘ باورچی خانہ اور تمام کمروں کے کونوںمیں ضرور چھڑکیں۔ پینے اور چھڑکنے کے اوقات یہ ہیں:۔
٭صبح سات بجے‘ دوپہر گیارہ بجے‘ شام پانچ بجے (بعد نماز عصر)‘ بعد نماز عشاء (رات دس بجے)۔ دوسرا عمل آسیب کیلئے: فجر کی نماز پڑھ کر جنگل میں جاکر باوضو ایک مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھ کر بیری کا ایک پتہ توڑیں پھر آیۃ الکرسی پڑھیں اور دوسرا پتہ توڑیںاسی طرح آیۃ الکرسی پڑھتے جائیں اور بیری کے پتے توڑتے جائیں۔ سات مرتبہ آیۃ الکرسی پڑھنی ہے اور سات پتے توڑنے ہیں۔ اگر گھر میں یا گھر کے قریب بیری ہو تو اس سے ہی پتے توڑ لیں دور جانے کی ضرورت نہیں۔ لیکن یہ خیال رہے کہ پتے سورج نکلنے سے پہلے توڑنے ہیں۔ ان پتوںکو ایک بڑے برتن میں ڈال کر کئی بار جوش دیں اس طرح کہ پانی ہر بار کھولنے لگے۔ اس کے بعد پانی ٹھنڈا ہونے پر اس سے مریض کوروزانہ سات دن تک بلاناغہ اور مسلسل پلائیں۔ تیسرا عمل آسیب کیلئے: سات دن تک بیری کے پتوں سے غسل دینے کے بعد ایک ایک روپے والے اکتالیس سکے لیں اور سورۂ علق ایک ہی نشست (بیٹھک) میں اکتالیس مرتبہ پڑھیں اور ان سکوں پر دم کردیں پھر ان سکوںکو ایک ایک کرکے مریض کے سر سے پیروں کی طرف سے اتاریں یعنی سر سے نیچے پیروں کی طرف لائیں اور پھر ان سکوں کو اکتالیس فقیروں میں تقسیم کرادیں۔ یہ سکے ایک ہفتہ کے اندر اندر تقسیم کردیں۔ اس سے زیادہ دن نہ لگیں۔ چوتھا عمل آسیب کیلئے: اول باوضو گیارہ بار درود شریف پڑھے اور اس کے بعد سورۂ یٰسین پڑھنا شروع کردے اور ہر مبین پر رک کر سات مرتبہ معوذتین (سورۂ فلق و ناس) پڑھ کر بوتل پانی پر دم کردیں۔ سورۂ یٰسین شریف میں سات مبین ہیں ہر مبین پر رُک رُک کر سات مرتبہ معوذتین پڑھ کر بوتل پر دم کریں۔ سورۂ یٰسین شریف کے اختتام پر گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر پھر بوتل پر دم کرکے بوتل کا منہ ڈھکن سے بند کردیں۔ یہ پانی اکیس روز تک ایک گھونٹ صبح اور ایک گھونٹ شام کومریض کو پلاتے رہیں۔
تنبیہ: تیسرا عمل دوسرے عمل کے بعد کرنا ہے۔ ان عملوں کی برکت سے انشاء اللہ تعالیٰ جن آسیب‘ بھوت‘ پریت سے نجات حاصل ہوجائے گی۔
|
Comments